2025 کا پہلا چاند گرہن، ہو جائیں پھر تیار
اس سال کا پہلا مکمل چاند گرہن 14 مارچ کو ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن کا آغاز صبح 8 بجکر 57 منٹ پر ہوگا اور صبح 11 بج کر 26 منٹ پر چاند کو مکمل گرہن لگ جائےگا۔موسم کی خبر دینےوالوں کاکہناہےصبح 11 بج کر 59 منٹ پر چاند گرہن اپنے عروج پر ہوگا اور چاند گرہن کا اختتام سہ پہر 3 بجے ہوگا۔
چاندگرہن کیسےلگتاہے؟
ہر ماہ چاند اپنے چکر کے دوران سورج اور زمین کے درمیان سے گزرتا ہے اور اس ہی طرح آدھے چکر میں زمین سورج اور چاند کے درمیان میں ہوتی ہے۔ پھر تو ہر ماہ سورج اور چاند گرہن واقع ہونے چاہیے لیکن ایسا نہیں ہوتا بلکہ ہر سال میں 4 یا 5 گرہن ہوتے ہیں۔ہر ماہ گرہن صرف ایک صورت میں واقع ہوسکتا تھا کہ اگر چاند کا مدار سورج اور زمین کے مدار کے سیدھ میں ہوتا لیکن ایسا نہیں ہے۔ قمری مدار زمینی مدار سے 5 ڈگری کے زاویے پر جھکا ہوا ہے۔ اجسام کے مداروں کے اس جھکاؤ کو فلکیاتی اصطلاح میں ’’اربیٹل اِنکلینیشن‘‘ کہتے ہیں۔
چاند گرہن اور توہمات
30 جون 1503 کو امریکا کو دریافت کرنے والے کرسٹوفر کولمبس اپنے چوتھے امریکی سفر میں جمیکا، جو کہ مشرقی امریکا میں ایک جزیرہ ہے، میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ پھنسے ہوئے تھے ،کیوں کہ ان کی کشتیوں کو سمندری کیڑوں نے چھلنی کردیا تھا۔ وہاں کے لوگوں نے انہیں 6 مہینوں تک کھانے کے ساتھ ساتھ رہائش بھی فراہم کی لیکن اس کے بعد ایک دم سے انہوں نے حالات تنگ کردئیے کرسٹوفر ایک ملاح بھی تھے۔ لہٰذا وہ اپنے ساتھ جنتری بھی لے کر چلتے تھے، جس کی مدد سے اس وقت کے ملاح ستاروں سے وقت اور سمت کا تعین کرتے تھے۔ اس جنتری کی مدد سے کرسٹوفر نے حساب لگایا کہ جلد ہی مکمل چاند گرہن آنے والا ہے۔ اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے عام عوام میں اس بات کا اعلان کردیا کہ تمہارا خدا تم لوگوں کی اس حرکت سے بہت ناراض ہے اور وہ اپنے غصے کا اظہار یکم مارچ، 1504 کو چاند کی صورت میں بدلاؤ لا کر کرے گا۔29 فروری کی رات غروب آفتاب کے بعد تمام لوگ اکھٹے ہوئے اور چودھویں کے چاند کو تیز چمکتا ہوا دیکھنے کے بجاے سرخ گیند نما دیکھا تو وہ سب ڈر گئے اور کرسٹوفر کے تابع ہوگئے۔ اس کو کرسٹوفر کی خوش قسمتی ہی کہیں گے کہ انہوں نے قدرت کا استعمال کرتے ہوئے اپنی جان بچائی لیکن ایسے ہی واقعات کی وجہ سے بہت سی دوسری منگھڑت باتیں سامنے آئیں۔
گرہن کوکیسے دیکھا جائے؟
سورج گرہن کے وقت بنا کسی فلٹر کہ عام آنکھ سے سورج کی طرف دیکھنے سے آنکھیں ہمیشہ کے لئے ضائع ہو سکتی ہیں۔لہٰذا سورج گرہن کو دیکھنے کے لئے فلٹر کا استعمال بہت ضروری ہے۔ یہ بات بھی قابل غور ہے کہ اکثر لوگ ویلڈنگ کا شیشہ یا ایکس رے کا کاغذ کا استعمال کرتے ہیں جو کہ بہت زیادہ خطرناک ہے اور اس سے آنکھوں کو زیادہ نقصان ہو سکتا ہے۔
چاندگرہن کہاں کہاں دیکھا جائے گا؟
محکمہ موسمیات کے مطابق14مارچ کاچاند گرہن یورپ ، ایشیائی ممالک، آسٹریلیا کے بیشتر مقامات، افریقا اورشمالی و جنوبی امریکا میں بھی دیکھاجاسکےگا۔


